
سلفیہ سسٹرز جمعيت اہل حدیث ہالی فیکس برطانیہ کی دسویں سالانہ عظیم الشان کانفرنس
برطانیہ کے یارک شائر کا ہیلی فیکس شہر اور اس کے اطراف واکناف کی خواتین کے لئے ’’سلفیہ سسٹرز‘‘ جمعیت اہل حدیث ہالی فیکس کا پلیٹ فارم اللہ کا ایک بہترین عطیہ ہے۔ اس کی روح رواں، بانیہ، محترمہ عالمہ سسٹر عابدہ بنت مولانا عبدالرزاق مسعود صاحبہ پچھلی ایک دہائی سے زائد عرصہ سے ’’سلفیہ سسٹرز‘‘ کے تعلیمی و دعوتی پلیٹ سے خواتین اسلام میں ٹھوس دینی، دعوتی اور تعلیمی خدمتات انجام دے رہی ہیں۔ بالغات کے علاوہ معمر خواتین بھی اس پلیٹ فارم سے خوب فیضیاب ہورہی ہیں۔ سسٹر عابدہ مسعود کو اللہ تعالی نے شروع دن سے سسٹر نصرت سعید سمیت مخلص، محنتی اور کمیٹڈ خواتین کی ایک ٹیم بھی عطا کی ہے۔ جو باہمی مشاورت سے سارے کام انجام دیتی ہیں۔ اس پلیٹ فارم سے بالخصوص قرآن مجید کے ترجمہ اور اس کے معانی و مفاہیم کو سمجھنے کے لئے دو لیولز کی کلاسس کا اجرا عمل میں لایا گیا ہے۔ ایک “تعليم القرآن” جس میں مکمل قرآن مجید کا ترجمہ، معانی و مفاہیم اور مکمل تفسیر بھی پڑھائی جاتی ہے۔ جس میں زیادہ تر بالغات اور جوان شادی شدہ خواتین حصہ لیتی ہیں۔ جبکہ دوسری کلاس “فہم قرآن” کی ہے جس میں عموما ادھیڑ عمر اور معمر خواتین شریک ہوتی ہیں۔ دونوں کلاسس میں سو سے کچھ کم خواتین نے رجسٹریشن کروا رکھا ہے۔ جبکہ ستر خواتین بلا ناغہ شریک ہوکر استفادہ کر رہی ہیں۔ امسال کل 39 خواتین نے یہ دو کورس مکمل کرکے اسناد حاصل کیں۔ فلله الحمد!
اسی سلفیہ سسٹرز ہیلی فیکس کے پلیٹ فارم سے پچھلے کئی سالوں سے ملکی پیمانے پر خواتین کی سالانہ کانفرنس کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ COVID 19 کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد امسال جامع مسجد اہل حدیث ہیلی فیکس کے اندر 10 ستمبر 2022 کو خواتین کی ایک عظیم الشان کانفرنس بعنوان “ قرآن میری زندگی” منعقد کی گئی۔ جس میں برطانیہ بھر سے لگ بھگ آٹھ سو خواتین نے شرکت فرماکر استفادہ کیا۔ کانفرنس کا آغاز محترمہ استاذہ سمیہ سعد صاحبہ کی تلاوت سے ہوا، آپ نے تلاوت کردہ آیات کا ترجمہ کیا اور مختصر تشریح سے بھی سامعات کو مستفید فرمایا۔ جبکہ محترمہ حمنہ عتیق صاحبہ نے نظم پڑھی۔ اس کے بعد سلفیہ سسٹرز کی بانى، قائد، روح رواں اور معلمہ محترمہ عابدہ مسعود صاحبہ نے سلفیہ سسٹرز کا تعارف اور سال بھر کی کارکردگی کی جامع رپورٹ پیش کی، اس کانفرنس کے اغراض ومقاصد بیان کئے اور کاروائی کو آگے بڑھانے کے لئے ناظم اسٹیج محترمہ نجمہ عتیق صاحبہ کو دعوت دی اور اسٹیج ان کے حوالہ کیا۔ سسٹر نجمہ عتیق صاحبہ نے بحسن و خوبی اسٹیج سکریٹری کے فرائض انجام دئے۔ آپ نے وقفہ وقفہ سے موقع ومحل کی مناسبت سے معنی خیز اور سبق آموز اشعار سے حاضرات کی تواضع کی۔
کانفرنس کی جھلکیاں:
٭ کانفرنس سے ذیل کی معزز عالمہ و فاضلہ خواتین نے مختلف عنوانات پر خطاب کیا:
1. معروف مقررہ، داعیہ محترمہ عفت مقبول صاحبہ نے پاکستان سے ٹیلی لنک کے ذریعہ بعنوان” قرآن کا مطلوب انسان” نہایت جامع، علمی اور مؤثر خطاب فرمایا۔
2. سلفیہ سسٹرز کی ریلیجیس ایڈوائزر اور تعلیمی گائیڈ محترمہ عائشہ مختار صاحبہ آف برمنگھم نے “النساء فى القرآن” کے موضوع پر سبق آموز خطاب فرمایا۔
3. محترمہ ام حسن مدنی صاحبہ آف گلاسگو نے پنجابی زبان میں “ قرآن کا پیغام” کے عنوان کے تحت ولولہ انگیز خطاب فرمایا۔
4. محترمہ عمارہ عبدالحئی فلاحی آف راچڈیل نے “ شفاء لما فى الصدور” عنوان پر پرمغز اور جامع خطاب فرمایا۔
5. محترمہ فروہ حمدان صاحبہ آف برمنگھم نے ” فہم قرآن کی اہمیت” پر نصیحت آموز خطاب فرمایا۔
6. محترمہ سمیہ سعد صاحبہ آف ہالی فیکس نے بزبان انگریزی “ النساء فى القرآن” کے عنوان پر خطاب فرمایا۔
7. محترمہ طیبہ قاسم صاحبہ آف راچڈیل نے “قرآن اور سلف صالحات” کے عنوان پر اردو میں جامع خطاب فرمایا۔
8. محترمہ اطلس حذیفہ صاحبہ آف اولڈھم نے انگریزی میں بعنوان “ فہم قرآن کی ضرورت” پر خطاب فرمایا۔
9. محترمہ طیبہ شفیق صاحبہ آف مڈلزبرو نے بزبان انگریزی “ قرآن اور سلف صالحات” کے عنوان پر پُراثر خطاب فرمایا۔
10. محترمہ ام عائشہ صاحبہ آف کیتھلے نے بعنوان” قرآن دلوں کے امراض کی دوا‘‘ انگریزی میں خطاب فرمایا۔
دوران کانفرنس وقفات کے بعد محترمہ فرحین ادریس اور محترمہ سمیہ سعد نے تلاوت کی جبکہ محترمہ شفیقہ مسعود، محترمہ شبانہ ابرار، محترمہ سونیا عثمان، محترمہ ہاجرہ، محترمہ سعدیہ اور محترمہ فروہ نے نظمیں سناکر مجلس میں سماں باندھا۔
کانفرنس میں برطانیہ بھر سے لگ بھگ آٹھ سو خواتین نے شرکت فرمائی۔ خواتین کا شوق اور ان کی علمی پیاس بجھانے کی تڑپ قابل دید تھی۔
برمنگھم اور ناٹنگھم شہر سے خواتین کی دو بڑی کوچز آئیں۔ نیز کئی دس اور سات سیٹرز کے علاوہ کئی ایک انفرادی کاروں میں بھی خواتین جوق در جوق تشریف لائیں۔
تمام خواتین کو بہترین ظہرانے اور عشائیہ سے تکریم کی گئی جبکہ دوران کانفرنس کشمیری چائے سے بھی ان کی تواضع کرکے انہیں چست اور نشیط رکھا گیا۔
کانفرنس کے دوران سلفیہ سسٹرز کے تعلیم القرآن کورس مکمل کرنے والی (14)چودھا جبکہ فہم القرآن کورس مکمل کرنے والی (25) پچیس خواتین کو محترمہ عائشہ مختار صاحبہ اور محترمہ ام حسن مدنی صاحبہ کے ہاتھوں اسناد دی گئیں۔
سلفیہ سسٹرز کی بانی اور روح رواں سسٹر محترمہ عابدہ مسعود صاحبہ کی دست راز و معاون اول محترمہ نصرت سعید صاحبہ اور سلفیہ سسٹرز کی مذہبی مشیر اور علمی گائڈ محترمہ عائشہ مختار صاحبہ آف برمنگھم کو پچھلے دس سالوں کے تعاون اور خدمات کے اعتراف میں یادگار شیلڈز دے کر ان کی تکریم کی گئی۔ ان شیلڈز پر ذیل کی یہ عبارت کندہ تھی:
Salafiah Sisters present this AWARD of recognition & appreciation proudly to : Sister Aisha Mukhtar / Nusrat Saeed in appreciation of your 10 years of service, devotion and commitment to our organisation. Thank you for your unwavering support and guidance that has helped us become successful.By Salafiah Sisters Halifax. September 2022(
کانفرنس کے احاطہ میں خواتین کے لئے مختلف دینی کتب، عبائے، اسکارف اور دیگر اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔
کانفرنس شروع سے آخر تک ماشاءالله نظم ونسق سے مرصع اور قابل مثال تھی۔
کانفرنس کے اخیر میں محترمہ ام حسن مدنی صاحبہ آف گلاسگو کے ولولہ انگیز پنجاب خطاب کے پُر اثر دعا نے مجلس کو روح پرور بنادیا۔
کانفرنس صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوکر شام ساڑھے آٹھ بجے اختتام پذیر ہوئی۔
اخیر میں کانفرنس کی آرگنائزر سلفیہ سسٹرز کی بانی ومعلمہ محترمہ سسٹر عابدہ مسعود صاحبہ نے تمام مقررات، شہر اور بیرون شہر سے آنے والی جملہ خواتین، سلفیہ سسٹرز کی معاون ٹیم، مرد و خواتین والینٹئرز اور جامع مسجد اہل حدیث ہالی فیکس کی کل انتظامیہ اور تمام معاونین کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭
تبصرہ کریں